شیخوپورہ: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جمیل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس

21

شیخوپورہ،31مئی (اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جمیل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر پرویز اقبال ، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ اسماء رشید ، پانچوں تحصیلوں کے ڈرگ انسپکٹرز اور اراکین ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے شرکت کی۔

اجلاس میں مجموعی طور پر 29 کیسز کی سماعت کی گئی جن میں سے 12 کیسز کو ڈرگ کورٹ بھجوانے ، 5 کو وارننگ ، 4 کو ری چیکنگ ، 5 کیسوں کو ملتوی جبکہ 1 کے خلاف ایف آئی آر  کا اندراج کروانے کا حکم دیا جبکہ 2 کیسز کو ڈراپ کر دیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جمیل نے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اراکین کو ہدایت کی کہ ممنوعہ اور زائد المعیاد ادویات فروخت کرنیوالے میڈیکل سٹورز مالکان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ، جن میڈیکل سٹورز کے مالکان کو وارننگ دی گئی ہے اگر وہ دوبارہ خلاف ورزی کریں تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

 اے ڈی سی جی نے میڈیکل سٹورز مالکان کو ہدایت کی کہ لائسنس کی شرائط کے مطابق کام کریں ورنہ انکے لائسنس منسوخ کر دیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے کہا کہ انسانی صحت سے کھیلنےکی ہر گز اجازت نہیں دیں گے ، اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ صحت عامہ کے مکمل تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن پوری کرے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں میڈیکل سٹورز پر سخت چیک اینڈ بیلنس کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے اور زائد المعیاد ادویات اور بغیر لائسنس کے میڈیکل سٹورز چلانے والوں کے خلاف کارروائی سمیت دیگر ڈرگ لاز کا مکمل نفاذ یقینی بنایا جائے۔

 ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے کہا کہ غیر معیاری اور جعلی ادویات بیچنے اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں ہیں۔