خیبرپختونخوا میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ سے متعلق اہم اجلاس، نیا لائحہ عمل پیش

14

پشاور،31 مئی(اے پی پی): خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کے مسائل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پیسکو، خیبرپختونخوا پولیس کے حکام، تمام کمشنرز، ریجنل پولیس آفیسرز، ڈپٹی کمشنرز، اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس کے دوران کہا کہ بہتر لوڈ مینجمنٹ کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی ہر ممکن مدد کریں۔

اجلاس میں ایک نئے لائحہ عمل کا اعلان کیا گیا جس کا مقصد لوڈ مینجمنٹ کو بہتر بنانا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ عابد مجید نے اس لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت کو یہ نیا لائحہ عمل پیش کیا ہے، جسے وفاقی حکومت نے قبول کیا اور سراہا۔ وفاقی حکومت نے اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا کے بنائے گئے اس لائحہ عمل کو دیگر صوبوں میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے پلان کے ذریعے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ممکن ہوگا۔ اس میں مقامی آبادیوں کو بھی شامل کیا جائے گا اور سزاؤں کی بجائے انہیں اعتماد میں لیا جائے گا۔ نئے پلان کے تحت ریکوری کو بہتر بنایا جائے گا اور بل ادا کرنے والے صارفین کو سال بھر بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی۔ بجلی صارفین کو واجبات کے آسان اقساط میں ادا کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی جس سے وہ اپنے میٹر واپس حاصل کر سکیں گے۔

یہ اقدامات نہ صرف بجلی کی فراہمی کو بہتر بنائیں گے بلکہ عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔ اجلاس میں شامل تمام شرکاء نے اس لائحہ عمل کی حمایت کی اور اس کے نفاذ کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔