قصور پولیس نے 2 کروڑ روپے مالیت کا مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کردیا

24

قصور،01 جون(اے پی پی):قصور پولیس نے 02 کروڑ روپے مالیت کا مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کردیا ہے۔

ڈی پی او آفس قصور میں مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کرنے کی وقار تقریب کا انعقاد ہوا،تقریب میں ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔تقریب کے دوران ڈی پی او قصور نے گزشتہ 15 روز کے دوران ڈاکوؤں سے برآمد ہونے والا مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کردیا،برآمد ہونیوالے مال مسروقہ میں نقدی7لاکھ روپے، 2کاریں، 22موٹرسائیکل، 3رکشہ، 20 مال مویشی، 15موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان کل مالیتی تقریباً 2کروڑ روپے شامل ہے۔منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی مہم کے دوران83 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا،ملزمان کے قبضہ سے02 کلوگرام افیون،62 کلو گرام چرس، 1127لیٹر شراب اور ایک کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔چھیناگیا مال مسروقہ واپس ملنے پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا،پولیس افسران پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا،ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں نے کہا کہ ضلع قصور کی عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کرنا میری اولین ترجیح ہے،انشااللہ جلد دن رات محنت اور شہریوں کے تعاون سے ضلع قصور کو ڈاکوؤں اور لٹیروں سے پاک کرکے امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔