سکھر،01 جون (اے پی پی):ركن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے سکھر انڈسٹریل انكلیو کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔ سابق وفاقی وزیر ایم این اے سید خورشید احمد شاہ نے اروڑ یونیورسٹی روہڑی میں کیٹل کالونی کے قریب صوبہ سندھ میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سکھر انڈسٹریل انكلیو کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ۔ یہ انكلیو سندھ حکومت کا منصوبہ ہے جو 400 ایکڑ اراضی پر مشتمل ہے ۔ سندھ اکنامک زونز مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او عبدالعظیم عقیلی نے پراجیکٹ سائٹ پر منصوبے کے بارے میں ایم این اے سید خورشید احمد شاہ کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر بورڈ کے ڈائریکٹر ایس ایس ایم سی قاسم نوید قمر، چیف ٹیکنیکل آفیسر ایس ای زیڈ ایم سی فرید احمد شیخ، سکھر چیمبر آف کامرس کے سابق صدر عامر غوری، کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی، ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو، اسسٹنٹ کمشنر روہڑی، پراجیکٹ منیجر نعیم شیخ، مارکیٹنگ ہیڈ حماد شمس اور کمپنی کے افسران و ملازمین بھی موجود تھے۔ سکھر انڈسٹریل انکلیو میں صنعت کاری اور سرمایہ کاری کی اہمیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ کے سلسلے میں آئی بی اے یونیورسٹی سکھر میں تقریب منعقد کی گئی جس میں سندھ اکنامک زونز مینجمنٹ کمپنی کے سینئر حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔