میرپورخاص، 02 جون( اے پی پی):56ویں آموں کی نمائش میں کھیلوں کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا ۔
سالانہ تین روزہ آموں کی نمائش کے دوسرے روز سندھ ہارٹیکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ میرپورخاص گراؤنڈ میں سندھ کا روایتی کھیل ملاکھڑا کے مقابلے ہوئے جس میں مہمان خصوصی ضلع کونسل چیئرمین میر انور علی ٹالپر نے شرکت کی۔اس موقع پر ملھ پہلوانوں کے درمیان ملاکھڑا کے مقابلے ہوئے جس میں پہلے جوڑ میں پہلی پوزیشن امتیاز مری، دوسرے جوڑ میں پہلی پوزیشن غلام حسین پٹھان اور تیسرے جوڑ میں پہلی پوزیشن معشوق مری نے حاصل کی۔پہلے جوڑ میں پوزیشن حاصل کرنے والے ملھ پہلوان امتیاز مری کو 15ہزار روپے انعام، دوسرے جوڑ والے کو 10ہزار اور تیسریے جوڑ والے کو 8 ہزار روپے انعام دیا گیا۔اس موقع پر ضلع کونسل چیئرمین میر انور علی ٹالپر نے کہا کہ ملاکھڑا سندھ کا قدیم روایتی کھیل ہے اور اس قسم کے پروگرام منعقد ہونے چاہئیں تاکہ سندھ کی روایات اجاگر ہو سکیں اور آنے والی نسلوں کو سندھ کی روایات کے متعلق آگاہی مل سکے۔
اس موقع پر کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی، ایڈیشنل کمشنر ٹو سونو خان چانڈیو، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان، چیئرمین مینگو فیسٹیول مینجمنٹ کمیٹی رئیس عارف خان بھرگڑی،وائس چیئرمین ضلع کونسل میر احمد ٹالپر، ڈی آئی جی پولیس جاویدسونہارو جسکانی، ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ریٹائرڈ اسد علی چودھری اور عام شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔