میرپورخاص، 02 جون( اے پی پی):56ویں آموں کی نمائش کے موقع پر آل سندھ پہلا کمشنر بائی سائیکلنگ لڑکوں اور لڑکیوں کے علیحدہ علیحدہ مقابلے منعقد ہوئےجس میں مہمان خصوصی ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی، ایڈیشنل کمشنر ٹو سونو خان چانڈیو، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان، اسٹنٹ ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی ارم، منصور چیمہ،سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن سندھ کے جنرل سیکریٹری احسان اللہ،میرپورخاص کے جنرل سیکریٹری ناصر بلوچ و دیگر عہدیداران، صحافیوں، اور شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
لڑکوں کے درمیان 25 کلو میٹر کے مقابلے ٹنڈو الہیار بائی پاس روڈ سے جمڑاؤمیرپورخاص تک ہوئے جس میں پہلی پوزیشن کراچی کے عرفان نے 36 منٹ میں فاصلہ طے کر کے حاصل کی، اسی طرح کراچی کے ہی محمد حفیظ نے 37منٹ میں فاصلہ طے کر کے دوسری اور کراچی کے غلام مصطفی نے 37.01منٹ پر فاصلہ طےکر کے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ لڑکیوں کے درثمیاں 6کلو میٹر کے سائیکلنگ مقابلے جمڑاؤ سے تھرپارکر شوروم تک منعقد ہوئے جس میں کراچی کی رمشا نے 13 منٹ میں فاصلہ طے کر کے پہلی پوزیشن، کراچی کی گل نور نے 14 منٹ میں فاصلہ طےکر کے دوسری اور کراچی کی ہی شمس النساء نے 14.30منٹ پر فاصلہ طے کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر کمشنر فیصل احمد عقیلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف سائیکلنگ ریس کے مقابلے نہیں بلکہ یہ سرگرمی میرپورخاص کا چہرہ ہے اور اس کا مقصد یہ ہے کہ میرپورخاص کی مثبت سرگرمیوں جس میں میرپور خاص کی زراعت، ثقافتی ورثے اور کھیلوں کو اجاگر کرنا ہے تاکہ پوری دنیا میں میرپورخاص کا نام روشناس کروایا جا سکے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے کہا کہ ان کھیلوں کے مقابلوں کے ذریعے نوجوانوں کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو ظاہر کرنا ہے اور اس لیے ضلعی انتظامیہ نے کوشش کی ہے کہ نمائش کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جا سکے۔ اے پی پی/شر/فرح