اسلام آباد،03 جون (اے پی پی): پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کے لیے وزیراعظم کے مشیر وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ سےپاکستان فٹبال لیگ یوکے ہولڈنگ لمیٹڈ کے وفد نے ملاقات کی ،وفد کی قیادت مائیکل اوون اور فرحان احمد جونیجو نے کی۔
ملاقات کے دوران رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن برائے سپورٹس کے تحت پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لئے اہم اقدامات کر رہے ہیں۔ پاکستان فٹبال لیگ( پی ایف ایل) نے پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کیا اور وفد کا یہ دورہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلئے اہم سنگ میل ہو گا۔ منصوبے کا مقصد پاکستان میں فٹبال کے بنیادی انفراسٹرکچر کو ڈویلپ کرنا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانا ہے۔
چئیرمین پی ایف ایل فرحان احمد جونیجو نے کہا کہ پی ایف ایل کراچی میں فیفا سے منظور شدہ معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ سوکر سٹی سٹیڈیم تعمیر کرے گا اور اپنی قائم شدہ اکیڈمیز میں ابتدائی طور پر دو ہزار بچوں کو ٹریننگ دے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ پرتگالی مشہور پروفیشنل فٹبال کلب، بینفقا ہر سال سو پاکستانی بچوں کو ٹریننگ دے گا۔
رانا ثناء اللہ نے پی ایف ایل کے ان اقدامات بارے کہا کہ پاکستان کے سپورٹس سیکٹر میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے، کھلاڑیوں کے لئے انٹرنیشنل لیول پر ٹریننگ پروگرام کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پی ایف ایل کے منصوبوں پر عمل درآمد کے لئے ضروری سہولت کاری کرے گی ۔