گلگت،03مئی(اے پی پی): گلگت بلتستان میں ذہنی صحت اور خودکشیوں کے تدارک کے حوالے سے قائم کردہ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے کہا ہے کہ محکمہ صحت، سوشل ویلفئیر ڈپارٹمنٹ ، محکمہ اطلاعات اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ذہنی صحت کےشعبے پر خصوصی توجہ مرکوذ کرنے کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں اب تک کی پیش رفت اور رواں سال خودکشیوں کے واقعات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محکمہ داخلہ نے چیف سیکریٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ رواں سال خودکشی کے صرف نو واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے سات مرد اور دو خواتین ہیں۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ صوبائی حکومت خودکشیوں کی روک تھام اور عوام میں شعور و آگاہی کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم سکول اور کالج کی سطح پر ذہنی صحت کے حوالے سے شعور بہتر بنانے کے لئے مزید اقدامات کرے ، حکومت خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کو کم کرنے کے لئے اور معاشرے میں مثبت ذہن سازی کے لئے کام کر رہی ہے اور خود کشیوں کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
اس موقع پر خودکشیوں کی روک تھام کے لیئے جامع حکمت عملی وضع کرنے اور خودکشی کے واقعات کے تدارک کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات بروئے کار لانے کے لیے مضبوط عزم کا اظہار کیا گیا۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے کہا کہ ذہنی صحت کی بہتری، سکولوں میں بچوں کے لئے آگاہی اور والدین کو شعور دینے کے لیئے فوری اقداما ت کیئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہیلپ لائینز کی مدد سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ذہنی صحت کے متعلق آگاہی کی سہولیات کی فراہمی پر بھی کام کیا جائے ۔ اس سلسلے میں انہوں نے سیکریٹری سوشل ویلفئیر اور سیکریٹری صحت کو حکم دیا کہ ذہنی امراض کے ماہرین کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ، ساتھ ہی ساتھ ملکی سطح کے ماہرین اور سائکولوجسٹ تک آن لائن رسائی کے لئے بھی مربوط اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگ ذہنی صحت کے چیلنجز سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے تیار ہو سکیں۔
اس موقع پر کہا گیا کہ روپانی فاونڈیشن ، آغا خان ہیلتھ سروسز ، قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے متعلقہ شعبہ جات کے تعاون سے ذہنی صحت کے مسائل کے حل کے حوالے سے جامع تحقیق کرنے کی بھی ضرورت ہے تاکہ مختلف اضلاع میں خودکشیوں کے واقعات کی روک تھام کے لئے دور رس اقدامات کئے جا سکیں۔
سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں سیکریٹری سوشل ویلفیئر پاپولیشن ویلفیئر و امور نواجوانان فدا حسین، سیکریٹری محکمہ اطلاعات میر وقار احمد، سیکریٹری محکمہ صحت دلدار احمد ملک ، ڈپٹی سیکریٹری محکمہ داخلہ مرزا یعقوب ، روپانی فاونڈیشن کی پروگرام مینیجر یاسمین کریم ، ڈائریکٹر سوشل ویلفئیرڈپارٹمنٹ محمد امین ، محکمہ صحت گلگت بلتستان سے ملکہ صباء ،سوشل ویلفئیر آفیسر رحیم جان ، آغاخان ہیلتھ سروس پاکستان سے پروگرام مینیجر کاشف اللہ خان و دیگر شریک تھے۔