خسرہ ایک متعدی اور جان لیوا مرض ہے ،ڈپٹی کمشنر بھکر

49

بھکر۔ 04 جون (اے پی پی):خسرہ ایک متعدی اور جان لیوا مرض ہے یہ بیماری پانچ سال تک کی عمر کے بچوں میں نہایت تیزی سے پھیلتی ہے اس جان لیوا بیماری کی علامات اور اس بیماری سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے اپنے آس پاس کے لوگوں کو آگاہ رکھیں تاکہ بچوں کو خسرہ اور دیگر موذی امراض سے محفوظ بنایا جاسکے علامات کے ظاہر ہونے پر فورآ قریبی مراکز صحت سے رابطہ کریں۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال سے خسرہ سے بچاؤ کی آگاہی کیلئے منعقدہ واک کی قیادت کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو ظفر حسن نقوی ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمٰن ،ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر خالد جاوید اسراں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف بھی موجود تھا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کی مہم تیز رفتاری کیساتھ جاری جس سے بچوں کا مدافعتی نظام مضبوط ہوتا اور بچے مختلف موذی بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دنیا بھر میں نوزائیدہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جاتے ہیں جن کا بنیادی مقصد ان ننھے پھولوں کی جانوں کو محفوظ بنانا ہے یہ حفاظتی ٹیکے بین الاقوامی معیار کی حامل ویکیسن کے ذریعے بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچانے اورانکی قوت مدافعت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں حفاظتی ٹیکے بچوں میں معذوری اور شرح اموات میں کمی لانے کیلئے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔