ساہیوال: ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ پتھالوجی میں لیب آٹو مشین سسٹم کا آغاز ہو گیا

19

ساہیوال،4جون (اے پی پی ):ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کے علاج کے لئے ایک اور سہولت کا اضافہ، شعبہ پتھالوجی میں لیب آٹو مشین سسٹم کا آغاز ہو گیا جس سے مریضوں کو اپنی ٹسٹ رپورٹ آن لائن دیکھنے کی سہولت بھی میسر ہو گی۔

 سسٹم کی افتتاحی تقریب ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید تھے جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمدعمران حسن خان، ایم ایس ڈاکٹر اختر محبوب،شعبہ پتھالوجی کے سربراہ ڈاکٹر ریئس عباس لیل اور مختلف شعبوں کے سربراہان ڈاکٹر محمد سلیم، ڈاکٹر نثار احمد سعیدی، ڈاکٹر زاہد ستار، ڈاکٹر ہارون گیلانی اور ڈاکٹر اظہر نقوی بھی تقریب میں موجود تھے۔

 سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر آمنہ جاوید نے سر انجام دیئے۔ پروفیسر ڈاکٹر ریئس عباس لیل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شعبہ پتھالوجی سالانہ 14لاکھ سے زائد مریضوں کے میڈیکل ٹیسٹ کرتا ہے جس میں تمام ٹیسٹوں کی سہولت موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بہتر مینجمنٹ اور ٹیسٹ رزلٹس پر مریضوں کے اعتماد کی وہ سے سال2020میں ہونے والے 6لاکھ ٹیسٹ کی تعداد جولائی 2023 سے مئی 2024 کے 11ماہ میں 14لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جو پنجاب کے چند بڑے ہسپتالوں کی تعداد سے زائد ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شعبہ کے مائیکروبیالوجی، ہیماٹالوجی، سیرالوجی اور کیمسٹری سیکشنز میں جدید مشینیں نصب ہے جو دی گئی ٹائم لائنز کے مطابق معیاری ٹیسٹ کر رہی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے شعبہ پتھالوجی کو با اعتماد اور جدید بنانے اور مریضوں کی رپوٹس کو آن لائن کرنے کے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر پروفیسر ڈاکٹر ریئس عباس لیل اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور تجویز دی کہ لیبارٹری کے کلیکشن سنٹرز شہر کے دوسرے حصوں میں بھی کھولے جائیں تاکہ اضافی آمدن حاصل کی جا سکے جو ہسپتال اور شعبے کی بہتری کے لئے استعمال ہو گی۔

اس سے پہلے اپنے خطاب میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمدعمران حسن خان اور ایم ایس ڈاکٹر اختر محبوب نے ہسپتال میں مریضوں کے علاج کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ہسپتال کا طبی عملہ پوری جانفشانی اور خدمت خلق کے جذبے سے فرائض سر انجام دے رہا ہے جس کی مثال ساہیوال کے علاوہ دور دراز اضلاع کے مریضوں کی علاج کے لئے ہسپتال آمد بھی ہے۔ تقریب کے اختتام پر شعبہ پتھالوجی کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔