لاہور،04جون( اے پی پی ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں قطر کے سفیر علی بن مبارک الخطر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قطر کے ساتھ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مذید بڑھایا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کی میزبانی کرنے پر قطر کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان آِئل اور گیس سیکٹر میں قطر کی مہارت سے استفادہ اٹھانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قطر نے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کے دوران اسلامی تعلیمات اور اقدار کو پوری دنیا کو دکھایا جس کو سراہتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور یہاں کے لوگ محبت کرنے والے اور مہمان نواز ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ دنیا کو پاکستان کا حقیقی چہرہ دکھانے کی ضرورت ہے۔
قطر کے سفیر علی بن مبارک الخطر نے کہا کہ امیر قطر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ قطر سے ماہرین کے وفود پاکستان کا دورہ کریں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے معاملات آگے بڑھائیں گے۔