اساتذہ معاشرے کا ایک انتہائی اہم اورقابل احترام حصہ ہیں: خالد مقبول صدیقی

20

اسلام آباد، 04جون (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی  نے کہا ہے  کہ اساتذہ معاشرے کا ایک انتہائی اہم اورقابل احترام حصہ ہیں جو کسی بھی  صحت مند اور ترقی یافتہ معاشرے اور  قوم کی تشکیل میں  بہت اہم کردار کے حامل ہوتے ہیں ۔

وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایکسی لینس ان ٹیچر ایجوکیشن (NIETE) کی جانب سے فیڈرل گورنمنٹ کالج فار گرلز F-7/2 میں”استاد سے استاد محترم“ کے عنوان  سے منعقد ہونے والی  ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کی صلاحیتوں پر یقین رکھیں اور انہیں بہتر سے بہتر انداز میں تعمیل فراہم کرنے  میں اپنا کردار ادا کریں ۔

خالد مقبول صدیقی نے اس موقع پر  ملک کی  شرح خواندگی  کو بہتر بنانے اور سکول سے باہر  بچوں کو سکولوں میں لانے کے لیے تعلیمی اصلاحات کی فوری ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے  امید ظاہر کی کہ اسلام آباد اساتذہ کے تعاون سے تعلیم میں قوم کی رہنمائی کر سکتا ہے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ، محی الدین احمد وانی نے بھی صوبائی حکومتوں کے ساتھ علم کا اشتراک کرنے کی  ضرورت پر زور دیا  اور اس ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے والے تمام اساتذہ کے لیے بنیادی تنخواہ پر 50 فیصد اعزازیہ کا اعلان کیا۔