پاکستانی کمپنیاں چینی ماڈل اپنائیں ، اپنی مصنوعات کو بہتر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کریں،وزیراعظم  

11

شینزن،05جون  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی کمپنیاں چینی ماڈل اپنائیں ، اپنی مصنوعات کو بہتر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کریں، حکومت مکمل تعاون کرے گی، ہم عہد کرتے ہیں کہ قائداعظم کے وژن پر عمل کر کے پاکستان کو ترقی دلائیں گے، پاکستان سے بدعنوانی اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اور ڈھانچہ جاتی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  وہ بدھ کو چین کے شہر شینزن میں پاک چین بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے  خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چین کو شاندار بزنس کانفرنس کے انعقاد  پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ، قلیل مدت میں اس کامیاب بزنس کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کے چین میں سفیر اور چین کے پاکستان میں سفیر سمیت منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ دونوں ملکوں کی کاروباری شخصیات کی یہاں موجودگی دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور دوستانہ تعلقات کے فروغ کی عکاس ہے اس فورم کے تمام شرکا کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے شہر شینزن نے مختصر مدت میں ترقی کی منازل طے کی ہیں،   چینی قیادت کے وژن کی وجہ سے اور شی جن پھنگ  کی ولولہ انگیز قیادت میں چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت اور فوجی قوت ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آج چین دنیا کو بڑی تعداد میں ڈیری اور زرعی  مصنوعات برآمد کر رہا ہے ، وہ پیداوار بڑھانے کیلئے فرسوہ طریقے کار کو ترک کر کے جدید ٹیکنالوجی  کا استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  بزنس کانفرنس میں پاکستان کیلئے سنہری مواقع ہیں ، ہمارے کاروباری لوگ چینی ہم عصروں کے ساتھ  مل بیٹھیں اور مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں، میں سرمایہ کاروں اور تاجروں کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتا ہوں تاکہ دونوں ملکوں کے تاجر یکساں منافع حاصل کرسکیں۔

 انہوں نے  پاکستانی کمپنیوں کے سربراہان  سے کہا کہ  وہ چینی ماڈل اپنائیں ، پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات کو بہتر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کریں، حکومت پاکستان آپ کے ساتھ ہے، ہم نے پہلے ہی ڈھانچہ جاتی تبدیلیاں شروع کردی ہیں، بدعنوانی اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین نہ صرف عزم دوست عظیم ہمسایہ ملک ہے بلکہ وہ قابل بھروسہ دوست جس نے ہر آزمائش اور مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا، عالمی فورمز پر پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، پاکستان کے عوام کی بہتری کیلئے چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔