اسلام آباد، 05جون ( اے پی پی): پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ موسم اور کنڈیشنر کبھی بھی ہمارے کنٹرول میں نہیں ہوتی، جتنی بھی سہولیات میسر تھیں،ان سے پوری طرح فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے،چاہے وہ انڈور ٹریننگ ہو یا پھر آوٹ ڈور باؤلنگ پریکٹس ہو۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کی پوری تیاری کر کے آئے ہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں وہ نتائج حاصل نہ کر سکے جن کی توقع تھی۔فینز نے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے اور آگے بھی یہی امید ہے کہ وہ سپورٹ کریں گے۔
گراؤنڈ کنڈیشنر ابھی تک واضح نہیں ہورہیں، ہمارے کچھ کھلاڑیوں کو ایڈوانٹیج حاصل ہے کہ وہ یہاں پہلے کھیل چکے ہیں۔
اوپننگ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ صائم ایوب بھی ٹیلنٹڈ اور جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہیں لیکن حالیہ کچھ عرصہ میں وہ پرفارم نہیں کر پائے۔ شاداب اچھے آل راؤنڈر ہیں اور مختلف کنڈیشنر میں پرفارم کرتے رہے ہیں، جب آپ کا بہترین کھلاڑی کارکردگی نہ دکھا سکے تو بطور کپتان اس کو حوصلہ دینا پڑتا ہے، کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، لیکن ایک ٹیم کی ظرح کھیلیں گے اور اپنی بہترین پرفارمنس دیں گے۔