سرگودھا،06جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان نے کہا ہے کہ عید الاضحی پر تمام میونسپل ایجنسیز سمیت دیگر متعلقہ ادارے الرٹ رہیں قربانی کے جانوروں کی باقیات کو جگہ جگہ پھینکنے سے روکنے کے تمام پیشگی اقدامات کو یقینی بنایاجائے۔ وہ جمعرات کے روز اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں برڈ ہیزرڈ کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قربانی کے جانوں کی آلائشوں پر آنے والے پرندوں سے پی اے ایف کے طیاروں کو نقصان پہنچ سکتا ہے لہذا مصحف بیس کے فلائنگ زون کے رہائشیوں کو باور کروایا جائے کہ وہ قربانی کے جانوروں کی باقیات کو محفوظ طریقہ سے ٹھکانے لگائیں۔ انہوں نے اس ضمن میں بھرپور آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا سوشل و پرنٹ میڈیا اورکیبلز پر تشہر کے ساتھ مساجد میں اعلان و امام صاحبان کو جمعہ کے خطبات میں عوام کو آگاہی دینے کی بھی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ، ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کو اپنی اپنی حدود میں آگاہی پینا فلیکس لگانے، اشتہار گھروں میں تقسیم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ انہار کے افسران کو عید کے تینوں دن نہروں و رجباہوں پر خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ پانی کے بہاؤ کے ساتھ آنے والے فضلے کو فوری تلف کیا جاسکے۔ انہوں نے ریلوے افسران کو شہر سے گزرنے والے ٹریک کے دونوں اطراف صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے عید آپریشن کی مانیٹرنگ کے لیے ضلع سطح پر کنٹرول روم قائم کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے تمام محکموں کے اسٹاف کی تعیناتی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ عید کے دوران آلائشوں کے حوالے سے موصولہ شکایات کا فوری تدارک کیا جا سکے۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر محسن صلاح الدین اور اے ڈی سی جی عمر فاروق کے علاؤہ پی اے ایف مصحف بیس کے شعبہ فلائٹ سیفٹی کے افسران سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔