صوبائی وزیر آبپاشی کا ڈیرہ غازی خان کا دورہ ،ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

26

ڈیرہ غازی خان۔ 06 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب میاں کاظم علی پیر زادہ نے ڈی جی خان ڈویژن کا دورہ کیا۔ کمشنر آفس ڈی جی خان میں اجلاس کی صدارت کی۔اراکین اسمبلی اور افسران کے ہمراہ ڈیرہ غازی خان اور راجنپور اضلاع میں محکمہ کے ترقیاتی منصوبوں کا  معائنہ کیا۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ڈویژن میں سیلاب کے نقصانات،نہری پانی کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

رکن قومی  اسمبلی سردار عمار خان لغاری، ایم پی اے سردار علی احمد خان لغاری،ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک،ایڈیشنل سیکرٹری آبپاشی پنجاب کاشف شمیم، سیکرٹری آبپاشی جنوبی پنجاب کنور اعجاز خالق رزاقی اورمقامی عمائدین موجود تھے۔

 وزیر آبپاشی پنجاب میاں کاظم علی پیرزادہ نے ڈی جی خان اور راجنپور اضلاع کے دورہ کے دوران ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان اور راجنپور اضلاع میں وفاقی حکومت کے تعاون سے رود کوہیوں کے پانی کو کنٹرول کیا جائیگا اور چھوٹی بڑی 13 رودکوہیوں کے پانی سے دونوں اضلاع کا 80 ہزار ایکٹر سے زائد رقبہ سیراب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 25 چھوٹی بڑی نہروں اور راجباہوں کی بھی تعمیر ہوگی اور یہاں پر جامع منصوبوں کے لیے8ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔نیسپاک اور واپڈا نے منصوبوں کی سٹڈی شروع کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ راجنپور میں کاہا کے مقام پر سمال ڈیم کے منصوبہ پر بھی کام کیا جائیگا۔رود کوہیوں کے پانی کی محفوظ ترسیل کیلئے قدرتی راستوں اور گزرگاہوں کی صفائی بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان،راجن پور میں روکوہیوں کی تباہ کاریوں کیلئے محکمہ آبپاشی جامع منصوبہ بندی کریگا اور ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کیلئے صوبہ بھر میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے صوبائی انتظامیہ اور الائیڈ محکمے الرٹ ہیں۔

وزیر آبپاشی نے کہا کہ منصوبہ سے خطہ میں زرعی انقلاب آئے گا اور انہوں نے دریائے سندھ پر غازی گھاٹ کے مقام پر بنائے جانے والے حفاظتی پشتوں اور ڈی جی کینال پر  وڈور رودکوہی کی کراسنگ پر بننے والے سائفن منصوبے کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر چیف انجینئر ڈی جی خان شاہد سلیم چوہدری اور دیگر نے بریفنگ دی۔

اس موقع پرعبد الحمید جلبانی،سید ذوالقرنین حیدر شاہ،محمد حسین فریدی، عبدالغفار لغاری اور مسلم لیگ ن کے دیگر کارکن موجود تھے۔قبل ازیں ضلع راجنپور کے دورہ کے دوران ایم این اے ڈاکٹر حفیظ الرحمن دریشک،ایم پی ایز عبد العزیز جگن دریشک، خضر حیات مزاری اور دیگر موجود تھے۔