میرپورخاص، 06 جون(اے پی پی):آئی جی سندھ کی جانب سے منشیات کی روک تھام کے لئےتشکیل دی گئی ٹاسک فورس کے رکن،ڈی ایس پی ڈاکٹر موسی ابڑو کی میرپورخاص ڈویژن میں منشیات کی فروخت پر مسلسل دوسری بڑی کارروائی۔ ڈی ایس پی ڈاکٹر موسی ابڑو نے اے پی پی کو بتایا کہ میرپورخاص کی فلھڈیوں پولیس اسٹیشن کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے مشہور منشیات فروش قادو مري اور مجید مری کے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مارکر 18700 رائل کنگ گٹکا اور 44200آداب گٹکا کے پڑیاں بر آمد کرلی۔ ٹیم نے دو موٹر سائکلیں اور ایک موبائل فون سمیت دو ملزمان رسول بخش مری اور جمعوں بھیل کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے خلاف فلھڈیوں پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ اس کارروائی کےبعد ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ریٹائرڈ اسد علی چوہدری نے ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او فلھڈیوں حیدر شاہانی کو معطل کرکے لائن حاضر کردیا۔ جس حد میں بھی منشیات چل رہی ہوگی وہاں کے ایس ایچ او کو معطل کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہوگی۔