ڈیرہ غازی خان؛ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر  کے زیر اہتمام “پری میریٹل کونسلنگ” کے عنوان سے سیمینار

18

ڈیرہ غازی خان،07 جون (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں محکمہ پاپولیشن ویلفیئر  کے زیر اہتمام “پری میریٹل کونسلنگ” کے عنوان پر سیمینار کا انعقادکیاگیا۔سیمینار میں تاجروں، سماجی رہنماؤں،سول سوسائٹی،صحافیوں،علمائے کرام،وکلاء اور تمام مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر غلام مصطفیٰ سیہڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ بہبود آبادی کے پیغام کو عام کر رہی ہے،آبادی کا بے ہنگم بڑھنا ہماری وسائل کو تیزی سے ہڑپ اور بھوک میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے ہمارے دو کروڑ سے زیادہ بچے سکول جانے سے محروم ہیں اور حکومت پنجاب کے انیشیٹوز کی کامیابی کمیونٹی کی شمولیت کے بغیر نا مکمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر فیلڈ اور شعبہ میں پلاننگ کو اہمیت دینا ہوگی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ہما مہدی لغاری نے کہا کہ قبل از وقت شادی ہمارے ملک کی آبادی میں اضافے کی بڑی وجہ ہے اور محکمہ پاپولیشن ویلفیئر موروثی بیماریوں،جوڑوں کو شادی سے پہلے مناسب مشاورت مہیا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کیلئے ہر فرد،ہر مکتبہ اور اداروں کو اجتماعی کاوشیں کرنا ہوں گی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری نے کہاکہ فیملی پلاننگ وقت کی ضرورت ہے،بچوں کی پیدائش میں وقفہ لازمی ہے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے قاری جمال عندالناصر نے کہا کہ اسلام پاکیزہ زندگی کی تعلیمات پر عمل کی تلقین کرتا ہے اور ہمیں کامیاب زندگی گزارنے کے لیے اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔

تقریب کے اختتام پرشرکاء اور منتظمین میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔سیمینار سے انیسہ فاطمہ،مظہر لاشاری،عبدالغفورسیفی،ملک سراج احمد،سید سجاد نقوی، ریاض جاذب،پروفیسر فرحت سرکانی،ڈاکٹر امبر شہزادیودیگر نے بھی خطاب کیا۔