ملتان،07 جون(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھونے شجاع آباد عارضی مویشی منڈی کا اچانک دورہ کیا اور انہوں نے مویشی منڈی میں ضلعی محکموں کے کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور بریفننگ لی،اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد فیاض علی جتالہ نے مویشی منڈی انتظامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ضلع بھر میں ماڈل کیٹل منڈی سمیت 5 منڈیاں فعال کی گئیں ہیں،منڈیاں موضع سامورانہ،فاطمہ جناح ٹاؤن ،اولڈ شجاع آباد روڈ اور جلالپور پیر والہ و شجاع آباد میں قائم کی گئیں ہیں اور کہا شہری علاقوں میں کسی بھی جگہ غیر قانونی مویشی منڈی قائم نہیں ہونے دیں گے، منڈیوں میں شہریوں اور بیوپاریوں کی سہولت کیلئے سیکورٹی ،پارکنگ اور ویکسین کے انتظامات کئے گئے ہیں اور کہا مویشیوں کی خرید و فروخت میں بھتہ خوری کی شکایت پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔