چترال میں غربت کے خاتمے، پسماندہ طبقے کی امداد میں پرنس آغا خان فاونڈیشن کی خدمات قابل ستائش ہیں، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

32

اسلام آباد، 7 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں پرنس رحیم آغا خان سے ملاقات کی۔

گورنر نے پرنس رحیم آغا خان کو صدارتی ایوارڈ نشان پاکستان ملنے پر مبارکباد پیش کی۔گورنر نے پرنس آغا خان فاونڈیشن کی خیبرپختونخوا بالخصوص ضلع چترال میں تعلیم و صحت سمیت فلاحی خدمات کو سراہا ۔

ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آغا خان فاونڈیشن کی جانب سے پسماندہ طبقے کی امداد و فلاحی منصوبوں کا دائرہ کار صوبہ بھر میں بڑھایا جائے گا۔

گورنرنے کہاکہ صوبہ بالخصوص چترال میں غربت کے خاتمے اور پسماندہ طبقے کی امداد میں آغا خان فاونڈیشن کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کی کفالت کیلئے اور صوبہ کو غربت سے نکالنے کیلئے مستقبل میں ملکر آگے بڑھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آغا خان ٹرسٹ ساری دنیا میں فلاحی کاموں اور پسماندہ معاشرے کی معیار زندگی کو بہتر بنانے کے عظیم کام میں مصروف ہے۔

گورنر نے کہا کہ آغا خان فاونڈیشن کے ساتھ ملکر صوبہ میں انسانی ترقی کیلئے تعلیم و صحت اور دکھی انسانیت کی مدد کیلئے مشترکہ اقدامات کیلئے پرعزم ہیں۔

اس موقع پر پرنس رحیم آغا خان نے پسماندہ طبقہ کی بہتری اور انسانی ترقی کیلئے گورنر کے وژن کو سراہتے ہوئے تعمیری اقدامات پر ملکر چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔