یو این ڈی پی گلاف ٹو پروجیکٹ، یو این ویمن اور دیگر اداروں کے زیراہتمام عالمی یوم ماحولیات اور وومن سمٹ کا انعقاد

22

گلگت۔7جون (اے پی پی):یو این ڈی پی گلاف ٹو پروجیکٹ، یو این ویمن و دیگر اداروں کے باہمی تعاون سے گلگت میں  عالمی یوم ماحولیات  اور ویمن سمٹ کی مناسبت سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصدپہاڑی آبادیوں کو درپیش موسمیاتی تبدیلی کے اہم مسائل کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔ اس تقریب نے مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے شرکاء کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی، جن میں  اراکین پارلیمنٹ، سیکرٹریز، سرکاری افسران  این جی اوز کے نمائندے، سول سوسائٹی کے اراکین، میڈیا، طلباء اور بڑی تعداد میں خواتین شامل تھیں۔

تقریب میں مختلف  سرگرمیوں کا ایک سلسلہ پیش کیا گیا، جن میں ماہرین کی تقاریر، پینل ڈسکشنزاور سوال و جواب کے سیگمنٹس پیش کئے گئے۔ ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز نے بنجر زمینوں کو آباد کرنے، حیاتیاتی تنوع کو بڑھانے اور خشک سالی سے نمٹنے کے حوالے سے مختلف حکمت عملیوں پر غور کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر برائے سماجی بہبود و ترقی نسواں گلگت بلتستان  دلشاد بانو، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی  ثریا زمان، ریفارمز کمیٹی کے چیئرمین امجد حسین ایڈووکیٹ، رکن جی بی اسمبلی کلثوم فرمان،  سونی جواری سینٹر فار پبلک پالیسی کے ہیڈ اظہار ہنزئی اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان  ابرار احمد مرزا نے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور خطے میں پائیدار طریقوں کو نافذ کرنے کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیا۔

 انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گلگت بلتستان کے مستقبل کا انحصار ان اقدامات پر ہے جو ہم آج اپنی زمینوں کی بحالی اور ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اٹھا رہے ہیں۔لہذا وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب ملکر مقامی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے کے لئے کردار ادا کریں۔

مقررین نے خواتین کو درپیش مسائل اور ان سے متعلق قانون سازی ودیگر حکومتی اقدامات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالیں۔تقریب میں خواتین کے حقوق اور معاشرتی ترقی میں خواتین کے کردار پر بھی سیرحاصل گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر یو این ومن کے کنڑی ہیڈ لانسانہ وونہ نے یو این وومن کی جانب سے خواتین کی ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالیں اور خواتین سے متعلق منصوبوں پر عملدرآمد میں حکومت گلگت بلتستان کے تعاون کو سراہا۔