اسلام آباد،07جون (اے پی پی):قومی اسمبلی میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت کے خطاب پر بحث جمعہ کو بھی جاری رہی، مختلف جماعتوں کے اراکین نے صدر کے خطاب کو جامع قرار دیتے ہوئے معیشت کے استحکام کے لئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، اراکین نے سیاسی مذاکرات کے لئے سیاسی ماحول بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔
صدر مملکت کے خطاب پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی جاوید حنیف نے کہاکہ آصف علی زرداری پہلے سویلین صدرہیں جو دومرتبہ صدربنے ہیں، ماضی میں باربارجمہوریت ڈی ریل ہوتی رہی مگریہ بات خوش آئند ہے کہ مسلسل سویلین صدرآرہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے نظام میں بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ ملک کے تمام اداروں کو مل کرعظیم مصالحت کیلئے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے ملک میں نئے سوشل کنٹریکٹ کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہاکہ ہمیں تمام وفاقی اورصوبائی شناختوں کوتسلیم کرنا ہوگا۔ صاحبزادہ حامدرضانے کہاکہ صدرمملکت نے اپنے خطاب میں ڈائیلاگ کی بات کی ہے مگراس کے لئے سیاسی ماحول بنانے کی ضرورت ہے۔میرخان نے نیازی نے کہاکہ صدرریاست کے سربراہ ہوتے ہیں اور ان کا خطاب پارلیمان کیلئے مشعل راہ ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے عبدالطیف نے کہاکہ صدرنے اپنے خطاب میں کم ترقی یافتہ علاقوں کو ملک کے دیگرحصوں کے برابر لانے کی بات کی ہے جو کے خوش آئند بات ہے۔