نکاح کی مقدس سنت انتہائی سادگی اور محدود انداز میں کی جاسکتی ہے اور سنت رسول اور اسلامی تعلیمات کا خاصہ بھی یہی ہے؛صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری

11

 

گوجرانوالہ، 07 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہاہے کہ نکاح کی مقدس سنت انتہائی سادگی اور محدود انداز میں بھی کی جاسکتی ہے اور سنت رسول اور اسلامی تعلیمات کا خاصہ بھی یہی ہے کہ اس سنت کو سادگی سے اداکیاجائے تاہم معاشرتی نمودونمائش کی اندھا دھند تقلید نے اس سنت کی ادائیگی کو سفید پوش خاندانوں کے لیے انتہائی مشکل اور اذیت ناک بنادیا ہے اور ایسے وقت میں اس سنگین معاشرتی مسلہ کو حل کرنے میں کوشاں مہر ویلیفئر سوسائٹی انجمن الراعی پاکستان جسے ادارے مبارک آباد اور ستائش کے مقدار میں جوکم وسائل رکھنے والی بچیوں کی اجتماعی شادیوں کے تمام انتظامات اور اخراجات کے ساتھ انکی باعزت رخصتی کی اجتماعی تقریبات کا اہتمام کررہے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار مہر ویلفیئر سوسائٹی انجمن الراعی پاکستان کے زیراہتمام 100مستحق اور غریب بچیوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔سرپرست اعلی مہر انور،مرکزی صدر میاں ساجد حسین،مرکزی چیئرمین سجاد مشتاق مہر،صدر پنجاب چوہدری طیب مہر سمیت ودیگر عہدہ داران،معزین اور خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والی شخصیات نے بھی اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت کی۔

 صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دھوم دھام،نمودونمائش اور اسراف کے ساتھ شادیاں سیاسی سے زیادہ معاشرتی مسلہ ہے اور معاشرے کے سر کردہ افراد کو سادگی کے ساتھ اس سنت کی ادائیگی کو فروغ دینا ہو گا۔انہوں نے کہا وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ون ڈش کی پابندی پر عمل درآمد کے لئے سخت ہدایات جاری کر رکھی ہے اور ون ڈش کی خلاف ورزی پر قانونی کا روائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا خدااور اس کے رسول کریم رضاکے لیے ایک مقدس معاشرتی فریضہ کی ادائیگی میں معاونت کر نے والے ادارے حکومتی حوصلہ افزائی اور ستائش کے اصل حقدار ہیں اور ایسے اداروں کے ساتھ مل کر سادگی کلچر کو فروغ دینے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایاجائیگا۔

 صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا 100دنوں میں پنجاب حکومت کے کارناموں کی لمبی فہرست ہے اور پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے 297صوبائی حلقوں میں سپورٹس کمپلیکس بنائے جائے گے جبکہ بہت جلد صوبہ بھر میں بڑے پیمانے پر کھیلوں کا انعقاد ہونے جارہاہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اپناشوق پورا کرلیں جب اسمبلیوں میں تھے توتب بھی حکومت نہیں چلنے دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی پتہ نہیں آئی یا نہیں لیکن یہ تبدیلی ضرور آئی ہے کہ اب جنرل ایوب کے خاندان میں بھی انقلاب کی باتیں ہورہی ہیں اور وہ بھی ہمیں بتارہے ہیں کہ انقلاب کیاہوتا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعا ت نے کہا کہ رات کا پاکستان امریکا کا میچ دیکھنے کے بعد دل بہت دکھی ہے اب تہیہ کر لیا ہے کہ کرکٹ نہیں دیکھوں گی لیکن اند ر کا پاکستان نہیں مرتا۔ انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی سے درست سمت بولنگ نہیں ہورہی تھی اور ہمارے بیسٹمین غلط شاٹس کھیل کر آؤ ٹ ہوئے جبکہ فیلڈر ز تو گیند پکڑناہی بھول گئے تھے۔انہوں نے ازرہ مذاق کہا کہ یہ امریکاکی سازش ہے کہ انہوں نے ہمیں بتایاہی نہیں کہ اس نے اتنی اچھی کرکٹ ٹیم تیار کرلی ہے اور اگر ہمیں پہلے پتا چلتاتو ہم اس امر یکی سازش سے نمٹ لیتے۔