لاہور،8جون (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت کے شعبہ پر خاص توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں مقامی ہوٹل میں سی ای اوز اور ایم ایس کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پولیو فری بنانا ہو گا اور اس حوالے سے ویکسی نیٹرز کا کردار انتہائی اہم ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اپنی تمام تر توجہ نظام صحت کی بہتری کیلئے مرکوز کئے ہوئے ہیں، اس نسل کو اگلی نسل کے بہتر مستقبل کیلئے محنت کرنا ہو گی، آئندہ بارشوں سے ڈینگی میں تیزی آنے کا امکان ہے،ہم عید کی چھٹیوں میں بھی کام کرنے والے لوگ ہیں، معذرت کے ساتھ 2018 کے بعد صحت کے انڈیکیٹرز بہتر نہیں ہو سکے، موٹر وے پر ایمرجنسی سروسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موٹروے پر ہر تیس کلو میٹر پر ریسکیو کی گاڑی موجود ہوگی، پنجاب بھر میں انسانیت کے دشمن عطائیوں کے خلاف جہاد جاری رہے گا،سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس کے اندر قائدانہ صلاحیتیں ہونی چاہئیں،سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہے ہیں،پنجاب کی عوام کیلئے کلینکس آن ویل اور فیلڈ ہسپتالوں کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے، نظام صحت میں بہتری لانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔
اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی کمی ناقابل برداشت ہوگی،پنجاب میں دل، ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو ان کے گھروں میں ادویات فراہم کرنے کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے،بار بار سرکاری ہسپتالوں میں جانے کا مقصد حالات کا جائزہ لینا ہے،صوبہ بھر میں خسرہ، کونگو، ہیضہ و دیگر وباں پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کانگو وائرس کے حوالے سے اگلے تین سے چھ ہفتے انتہائی اہم ہیں،ناقص کارکردگی کے حامل ایم ایس حضرات کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔
کانفرنس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹریز محمد اقبال اور محمد احمد، ایڈیشنل سیکرٹریز راشد ارشاد، خضر افضال، ڈاکٹر یونس، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈی جی ڈرگز ڈاکٹر سہیل، ڈاکٹر عاصم الطاف، ڈپٹی سیکرٹریز اور تمام اضلاع کے سی ای اوز ایم ایس حضرات اور دیگر حکام نے شرکت کی۔