صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز کی ملاقات

41

لاہور،08 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے  ہفتہ کو یہاں ملاقات کی،ملاقات میں پنجاب بھر میں انٹر فیتھ اور امن کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے ، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کرتار پور جاکر بیساکھی تہوار کی ابتدا ء کی، مقدس مریم آباد بھی پہنچی جہاں پر  فی خاندان دس ہزار ایسٹر گرانٹ تقسیم کی۔

رمیش سنگھ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر آج ہی اقلیتی طلبہ میں تعلیمی وظائف کے چیک بانٹے گئے۔ رمیش سنگھ نے کہا کہ مینارٹی ڈیولپمنٹ فنڈ میں اضافہ کرکے مذہبی ٹور ازم کو فروغ دیں گے ۔ نوجوان نسل کے لیے ڈیجیٹل لرننگ پر زور دے رہے ہیں۔ دیہی علاقوں میں بسنے والوں کی زندگی کا معیار بھی بہتر کیا جارہا ہے ۔  انہوں  نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں کے نوجوانوں کے لیے نوکریوں میں پانچ فیصد کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں اور ہائیر ایجوکیشن میں دو فیصد کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں جبکہ میڈیکل اور انجینئرنگ میں بھی کوٹہ مختص کرنے جا رہے ہیں ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سرگودھا میں پیش آنیوالے واقعہ میں پولیس کا کردار منفرد رہا۔  سیکیورٹی نافذ کرنیوالے اداروں کے بروقت اقدام سے کوئ بڑا نقصان نہ ہو سکا ۔ انہوں  نے کہا کہ انٹر فیتھ کے فروغ کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

امریکی قونصل جنرل نے امن وامان اور انٹر فیتھ کے فروغ کے لیے کئے جانیوالے اقدامات کی تعریف کی اور مستقبل میں اپنے بھرپور ساتھ کا یقین دلایا۔

صوبائی وزیر رمیش سنگھ نے قونصل جنرل کو محکمہ جانب سے ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ملاقات میں سیاسی و معاشی چیف ڈگلس جانسن، سیاسی مشیر محمد دائم فاضل اور  سیکرٹری انسانی حقوق علی بہادر قاضی بھی موجود تھے۔