بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  کے مستحقین کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیحات  میں شامل ہیں؛ روبینہ خالد

18

اسلام آباد،08جون (اے پی پی) : چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے انتظامات اور ادائیگی کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کے لیے ڈھوک کشمیریاں، راولپنڈی میں  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ادائیگی  مرکز کا غیر اعلانیہ دورہ کیااور مستحق خواتین سے بات چیت کی جو بینظیر کفالت  پروگرام  کے تحت اپنا وظیفہ لینے آئی تھیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے روبینہ خالد نےمستحق خواتین  کو اس بات کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا کہ وہ اپنی مکمل وظیفہ کی رقم 10500روپے وصول کریں اور  ادائیگی حاصل کرنے پر ہمیشہ بینک کی رسید مانگیں۔

ادائیگی مرکز  کے دورے کے بعد  چیئرپرسن  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے فوری طور پر بی آئی ایس پی کے تمام ڈائریکٹر جنرلز اور پارٹنر بینکوں کے نمائندوں کے ہمراہ   بی آئی ایس پی  ہیڈ کوارٹر میں اجلاس طلب کیا۔  اجلاس کے دوران،  روبینہ خالد نے پروگرام کے  مستحقین  کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستحق افراد  کی فلاح و بہبود اور سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات ہیں،یہ بہت اہم ہے کہ تقسیم کا عمل ہموار اور موثر ہو، جس سے  ضرورت مند افراد کو بغیر کسی تاخیر یا پیچیدگیوں کے اپنا وظیفہ مل سکے۔

روبینہ خالد نے وظیفہ کی تقسیم کے عمل میں مستحقین کے ساتھ عزت  و احترام  کے ساتھ برتاؤ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ہم اپنے مستحقین کو مشکلات میں نہیں ڈالنا چاہتے۔ انہیں پورے احترام اور وقار کے ساتھ وظیفہ کی رقم دی جانی چاہیے۔

پوائنٹ آف سیل (POS) ایجنٹس کی عدم موجودگی اور ادائیگی کیمپوں پر سست نقدی کی تقسیم کے عمل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، روبینہ خالد نے سینئر انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ پارٹنر بینکوں کے ساتھ ان مسائل کو فوری طور پر حل کریں۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کو تقسیم کے عمل کے دوران کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔