گلگت ،08جون (اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سے پاکستان میں یو این وومن کی نمائندہ لانسانہ وونیہ (Lansana Wonneh) نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گلگت بلتستان میں کامیاب وومن سمٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں خواتین کو باااختیار بنانے کیلئے صوبائی حکومت عملی اقدامات کررہی ہے، حکومت نے اس حوالے سے ضروری قانون سازی بھی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں خواتین کی شرح خواندگی حوصلہ افزاء ہے،دور دراز اور پسماندہ علاقو ں میں بھی خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے کام کررہے ہیں اور ان پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں خواتین کی شرح خواندگی میں بہتری کیلئے ضروری اقدامات کررہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں میں خواتین کی بہتری اور شرح خواندگی میں اضافے کیلئے یو این وومن کا خصوصی تعاون درکار ہے۔ حکومت گلگت بلتستان، یو این وومن کی گلگت بلتستان میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے دلچسپی لینے کے اقدام کو سراہتی ہے،حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت بلتستان میں تحقیق اور پالیسیز کیلئے پہلی مرتبہ صوبائی سطح پر سونی جواری سنٹر فار پبلک پالیسی کا قیام عمل میں لایا جا رہاہے جس کو 17 ویں صدی کی خاتون حکمران کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ یو این سمٹ کے سفارشات کی روشنی میں یو این وومن اور سونی جواری سنٹر فار پبلک پالیسی کے مابین طویل المدتی معاہدہ کیا جائے جو گلگت بلتستان میں جدید تقاضوں کے مطابق پالیسیز مرتب کرنے اور خواتین کو بااختیار بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ دوسری وومن سمٹ کی سفارشات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صنفی مساوات او ر خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے گلگت بلتستان اسمبلی میں پہلی مرتبہ ڈپٹی سپیکر خاتون کو بنایا گیا ہے اور دو اہم خواتین کو صوبائی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔
اس موقع پر پاکستان میں یو این وومن کی نمائندہ لانسانہ وونیہ (Lansana Wonneh) نے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے حکومت گلگت بلتستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ صوبائی کابینہ میں خواتین کی نمائندگی خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے حکومتی ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر صوبوں کی نسبت گلگت بلتستان میں یو این وومن کا کام انتہائی احسن انداز میں آگے بڑھ رہاہے، حکومت کے ساتھ شراکت میں گلگت بلتستان میں خواتین کی فلاح و بہبود اور خواتین کو بااختیار بنانے سمیت پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں خواتین کی بہتری کیلئے یو این وومن کام کرنا چاہتی ہے، اس سلسلے میں سونی جواری سنٹری فار پبلک پالیسی کیساتھ طویل المدتی معاہدے پر کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی خواتین نے مختلف شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے جو دیگر علاقوں کیلئے بھی ایک مثال ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر منصوبہ بندی راجہ ناصر علی خان، صوبائی وزیر داخلہ شمس لون، صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ دلشاد بانو، صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ثریا زمان بھی موجود تھے۔