سکھ یاتری گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے

20

لاہور،8جون  (اے پی پی):سکھ مذہب کے پانچویں گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن( جوڑ میلہ) کی تقریبات میں شرکت کیلئے ہفتہ کے روزبھارت سے900 کے قریب سکھ یاتری سردار گر بجن سنگھ کی قیادت میں واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ اس موقع پر صوبا ئی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ  نے  سکھ یاتریوں کا شاندار استقبال کیا ۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر سمیت سکھ گورودوارہ پر بندھک کمیٹی کے ممبران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

 صوبا ئی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ بھارت سے آئے تما م سکھ یا تریوں کو خو ش آمد ید کہتے ہیں ،پا کستا ن میں تما م اقلیتوں کو مکمل مذ ہبی آزادی حا صل ہے،وہ اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی آزادی سے کر سکتے ہیں ، حکومت پا کستا ن کی طرف سے کسی قسم کی کو ئی پا بندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستا ن کی طر ف سے962  سکھ یاتریوں کو ویزے جا ری کئے تھے جن میں سے 900 کے قریب یا تری پا کستا ن پہنچ چکے ہیں۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ گورو ارجن دیو جی کے شہیدی کی مرکزی تقریب 16جون کو گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہو گی، متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے بھارت سے آنے والے سکھ مہمانوں کی رہائش، سیکورٹی اور سفری سہولیات سمیت دیگر تما م ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ فول پروف سیکورٹی کے لیے  سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے  گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یاتری 8جون کولاہور سے گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہوں گے، ایک دن  وہاں قیام کے بعد10جون کو حسن ابدال سے ننکانہ صاحب آئیں گے جہاں پر گورو دوارہ جنم استھان میں قیام کے دوران  11جون کو گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد جائیں گے اور واپسی پر جنم استھان ننکانہ  صاحب میں قیام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یاتری  12جون کو  ننکانہ صاحب سے گورو دوارہ کرتار پور نارووال جائیں گے جہاں ایک دن قیام کے بعد 14جون کوگوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کی یاترا کرتے ہوئے لاہور آئیں گے، گورو ارجن دیو جی شہیدی دن (جوڑ میلہ) کی مرکزی تقریب 16جون کو گورو دوارہ ڈیرہ صاحب  لاہور میں منعقد ہو گی جس میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری اور مقامی سکھ برادری،پاکستان سکھ گورودوارہ پر بندھک کمیٹی کے رہنما شریک ہوں گے۔بھارتی سکھ یاتری دورہ مکمل کرنے کے بعد 17جون کوبھارت روانہ ہو جائیں گے۔بھارت سے آئے سکھ یاتری سردار گورو بچن سنگھ نے کہا کہ ہم پاکستا ن کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور یہ دھر تی مذ ہبی لحاظ سے بھی ہما رے لیے بہت مقدس ہے، انہیں پاکستان آ کر جو دلی سکون ملا ہے وہ لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا، ہماری دعا ہے کہ محبت اور خلوص کا یہ سلسلہ مزید آگے بڑ ھے اور نفرتوں کی جگہ امن کو فروغ ملے۔

 انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ دونوں ملکوں کے عوام کے دلوں میں کو ئی دوری نہیں ہے بلکہ دونوں اطراف کے لوگ آپس میں ملنا چاہتے ہیں اور ہمیں اس راستے میں حائل رکاوٹ کو دور کرنا چاہیے ،پاکستان کی جانب سے ہمیں جو محبت اور پیار ملا ہے وہ قابل تحسین ہے ۔