نبی کریمؐ کی حیات طیبہ تمام عالم انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

31

راولپنڈی۔8جون  (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نبی کریمؐ کی حیات طیبہ تمام عالم انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پوری دنیا کے لیے ایک عظیم پیغام ہے اس پر عمل کرنے سے دین و دنیا میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دربار عالیہ عید گاہ شریف میں عالمی یا رسول اللہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، کانفرنس کی صدارت سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر نقیب الرحمن نے کی، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمارے لیے خوش قسمتی اور سعادت کی بات ہے آستانہ عالیہ عید گاہ شریف اتحاد و وحدت امت کا وہ مرکز ہے جس کا مقصد دلوں کو عشق رسول سے منور کرنا اور دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت کا کار خیر انجام دینا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جب کوئی کڑا وقت آیا تو آستانہ عالیہ عید گاہ شریف سے ہمیں بہترین تربیت و رہنمائی میسر آئی، گورنر نے کہا کہ آج کے اس پْر فتن دور میں پیر محمد نقیب الرحمان جیسے پیروں کی بدولت ہی مخلوق خدا کو عشق رسول کریم ، دین متین کی تعلیمات اور مخلوق خدا کی فلاح و بہبود کے لیے بہترین راہنمائی میسر ہے، انہوں نے کانفرنس میں مدعو کرنے پر پیر نقیب الرحمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ میلاد شریف کے دوران کی جانے والی تمام دعائیں اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں قبول ہوں گی اور بہت جلد پاکستان مشکلات سے نکل آئے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، ہم ان شہداء کو خراج عقیدت  پیش کرتے ہیں، گورنر نے کہا کہ ہمیں مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے اور ملک کو کسی تفرقہ بازی میں پڑے بغیر مشکلات سے نکالنا ہے، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی نے امید ظاہر کی کہ آنے والا بجٹ عوام دوست ہو گا اور عوام کے مسائل حل ہوں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیانات پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے ، وہ ان کے بیانات سے لطف اندوز ہوتے ہیں جو کسی کامیڈی شو سے کم نہیں لگتے، گورنر نے مزید کہا کہ مجھے یاد ہے عمران خان نے امریکہ میں کھڑے ہو کے کہا تھا کہ قید کے دوران اے سی، ریفریجریٹر اور ٹی وی نہیں ہونا چاہیے ، وہ اڈیالہ جیل میں نہیں بلکہ سیون سٹار ہوٹل میں ہیں ، بانی پی ٹی آئی کو صدر آصف علی زرداری جیسی جیل کاٹنی پڑے تو ان کی چیخیں سمندر پار پاکستانی سنیں۔