اسلام آباد،10 جون(اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے پیر کو یہاں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے کامیاب دورہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چین دو لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی تربیت دے گا جس سے آئی ٹی برآمدات میں مزید اضافہ ہوگا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی صدرشی جن پھنگ سےسواتین گھنٹے ملاقات میں سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات ہوئی اور سی پیک اپ گریڈیشن کے معاملات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں،اسی طرح سفارتی سطح پر کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے اور پاکستان کا بھاری اکثریت سے سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہونا بھی بہت بڑی کامیابی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے چینی قیادت کے ساتھ ہر میٹنگ میں کراچی سرکلر ریلوے کا ذکر کیا،انہوں نے اسکو اچھے پیرائے میں لیا ہے اور مین لائن ون پر ورکنگ کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک چین بزنس کانفرنس میں 500 کاروباری شخصیات نے شرکت کی،32 بی ٹو بی معاہدوں پر دستخط ہوئے، پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ اور کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ میں کمی آئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوا ہے اور روپے کی قدر بھی مستحکم جبکہ تمام معاشی اشاریئے مثبت ہیں۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ امن و ترقی پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی، پاکستان کے دشمن سیاسی عدم استحکام، دہشت گردی کا فروغ چاہتے ہیں مگر کوئی بھی پاک چین تعلقات کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ آرمی چیف کا چین جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے سیکورٹی معاملات پر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے،چین کے سیکیورٹی خدشات دور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اس حوالے سے بھرپور یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان میں چینی باشندوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔