گورنر خیبر پختونخوا کاوزارت ہوابازی کادورہ ،ڈیرہ اسماعیل خان ائیرپورٹ حوالے سے بریفنگ

18

 

اسلام آباد،10 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزارت ہوابازی   کا دورہ کیا ، جہاں انہوں نےسیکرٹری سول ایوی ایشن سیف انجم سے ملاقات کی ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن صادق الرحمان نے انہیں ڈیرہ اسماعیل خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔

 گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ائیرپورٹ ماضی میں بھی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کا منافع بخش روٹ تھا، یہ خطہ سی پیک اور اپنی  جغرافیائی اہمیت کے باعث خصوصی اہمیت کا حامل ہے، ڈیرہ اسماعیل خان انٹرنیشل ایئرپورٹ کا منصوبہ صرف ڈیرہ اسماعیل خان کے لئے نہیں بلکہ یہاں سے ملحقہ خیبرپختونخوا ، پنجاب اور بلوچستان کے اضلاع کے باسیوں کے لیئے انتہائی ضروری ہے، اس منصوبہ سے اس خطہ میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا اور خطہ کی تقدیر بدلے گی۔  انہوں نے کہا یہ اس منصوبہ پر جلد از جلد عملی کام کا آغاز انتہائی ضروری ہے تاکہ یہاں سے انٹرنیشنل فلائٹس کا آغاز ہو اور خلیجی ممالک میں موجود اس خطہ کے باسیوں کو آمدورفت میں درپیش ایک بڑی مشکل کا خاتمہ ہوگا۔