کوئٹہ، 10 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہے ، اس حوالے سے موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں مزدور طبقے کی خوشحالی کیلئے کوشاں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ کوئٹہ کے آڈیٹوریم میں محکمہ آبپاشی کے دوران ملازمت فوت شدہ ملازمین کے ورثا کو لواحقین کے کوٹہ پر ملازمت کے آرڈرز فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے احکامات کی روشنی میں بلوچستان کی صوبائی حکومت شہید ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے پر عمل پیرا ہوکر غریب عوام کو روٹی، کپڑا، مکان اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے حوالے سے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں کے دور میں ملازمتیں فروخت ہوتی رہیں ہیں لیکن آج ہم لواحقین کے کوٹہ پر ان کےحقدار ورثا کو صاف و شفاف طریقے سے آرڈرز تقسیم کر رہے ہیں اس میں ہماری نیک نیتی اور ہماری پارٹی قیادت کی ہدایات شامل ہیں۔
تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر زراعت میر علی مدد جتک، پی پی پی کے صوبائی صدر میر چنگیز جمالی، سیکرٹری آبپاشی حافظ عبد الماجد، مزدور تنظیموں کے سرکردہ رہنماؤں محمد رمضان، خان زمان، میر عمر جتک نے خطاب کرتے ہوئے میر صادق محمد عمرانی کی محنت و کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ میر صادق عمرانی نے سابق حکومتوں میں جب وہ وزیر تھے تب بھی اسی طرح مزدور دوستی کا ثبوت دیا تھا اور آج جس طرح شفاف طریقے سے لواحقین کو ان کا حق دیا جا رہا ہے یہ کریڈٹ صوبائی وزیر اور ان کی پوری ٹیم کو جاتا ہے۔