کسانوں کی حوصلہ افزائی سے ملک میں گندم کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی؛صدر مملکت آصف علی زرداری

17

 

اسلام آباد،11جون  (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ گندم کی مناسب قیمت   ، بروقت اقدامات  اور خریداری کا عمل ہموار بنانا ضروری ہے ،کسانوں کی حوصلہ افزائی سے ملک میں گندم کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی،کسانوں کو گندم کی مناسب قیمت ، بار دانہ کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

صدر مملکت آصف علی زرداری  کی زیرِ صدارت ملک میں گندم کی خریداری سے متعلق امور پر اجلاس منگل کو ایوان صدر میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے تحفظِ خوراک رانا تنویر حسین ، وزارت اور پاسکو کے سینئر حکا م نے شرکت کی ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ کسانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے  اقدامات کی ضرورت ہے ، ملک کی تقریباً 65 فیصد آبادی دیہی علاقوں میں مقیم ہے ، کسانوں کو گندم کی مناسب قیمت کی فراہمی سے دیہی معیشت کو فروغ حاصل ہوگا ۔

 انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ ، مستقبل کی غذائی ضروریات پورا کرنے کیلئے اسٹریٹجک ذخائر برقرار رکھنا  ہوں گے،گندم ذخیرہ کرنے کی جدید سہولیات کی تعمیر کیلئے نجی شعبے کو آسان قرضے فراہم کیے جائیں،بروقت پالیسی اقدامات ، مستقبل کی ضروریات کی درست پیشگوئی کیلئے قابل اعتماد ڈیٹا کی دستیابی کی ضرورت ہے ۔

اجلاس میں صدر مملکت کی جانب سے زرعی شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی تجویز   بھی پیش  کی گئی۔