اسلام آباد۔11جون (اے پی پی): عید قربان کی آمد آمد ہے اور ملک بھر کی طرح جڑواں شہروں میں بھی مختلف مقامات پر مویشی منڈیاں قائم ہو چکی ہیں جہاں جانوروں کی خرید و فروخت کا سلسلہ جاری ہے ۔
قربانی کے جانوروں کو پسند کرنا اور پھر بھاؤ تاؤ کر کے مناسب داموں میں خریدنا ایک بڑا مرحلہ ہے لیکن شہروں میں جگہ کی قلت اور عید کے دن جانوروں کی قیمت میں کمی کی امید پر زیادہ تر لوگ عید سے ایک سے ایک آدھ دن پہلے ہی جانوروں کی خریداری کو ترجیح دیتے ہیں لیکن بچوں کی خواہش ہوتی ہے کہ قربانی کا جانور جلد از جلد خرید لیاجائے ۔
رواں برس عید قربان شدید گرم موسم میں آرہی ہے اس لیے زیادہ تر لوگ شام اور را ت کے اوقات میں تب منڈیوں کا رخ کرتے ہیں جب موسم نسبتا بہتر اور خوشگوار ہوتا ہے ۔