اسلام آباد، 11جون (اے پی پی):پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جولائی 2023ءسے مارچ 2024ءتک 6 سیٹلائٹ ٹی وی لائسنس، 2 ایف ایم لائسنس اور 39 کیبل ٹی وی لائسنس جاری کئے، مارچ 2024ءتک جاری کئے گئے سیٹلائٹ ٹی وی لائسنسوں کی تعداد 140، ایف ایم لائسنسوں کی تعداد 239 اور کیبل ٹی وی لائسنسوں کی تعداد 3775 ہوگئی ہے۔
منگل کو جاری کردہ پاکستان اکنامک سروے 2023-24ءکے مطابق پیمرا کی جانب سے جولائی 2023ءسے مارچ 2024ءتک ایک نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز کا سیٹلائٹ ٹی وی لائسنس جاری کیا گیا۔
مارچ 2024ءتک پیمرا نے مجموعی طور پر 140 سیٹلائٹ ٹی وی لائسنس جاری کئے۔ پیمرا نے جولائی 2023ءسے جولائی 2024ءتک کمرشل کیٹیگری میں ایک ایف ایم چینل کا لائسنس جاری کیا جس کے بعد ایف ایم ریڈیو لائسنسوں کی تعداد 239 ہوگئی۔
مالی سال 2023-24ءمیں جولائی تا مارچ کے دوران پیمرا نے مالی سال 2023ءمیں 19 لاکھ 63 ہزار روپے کے مقابلے میں 27 لاکھ 50 ہزار روپے قومی خزانے میں جمع کروائے جو 40 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔