صوبائی وزیر محکمہ صحت و چیئرمین سب کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں سب کیبنٹ کمیٹی برائے لاءاینڈ آرڈرز کا ساتواں اجلاس

15

لاہور۔ 11 جون ( اے پی پی ): صوبائی وزیر محکمہ صحت و چیئرمین سب کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں سب کیبنٹ کمیٹی برائے لاءاینڈ آرڈرز کا ساتواں اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان  نے بطور کمیٹی ممبر کے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال، عیدالاضحی پر سکیورٹی انتظامات اور پیرول پر قیدیوں کی رہائی سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے اجلاس کے دوران بریفننگ دی۔

صوبائی وزیر محکمہ صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا،اجلاس کے دوران مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس لگانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران دو قیدیوں کو پیرول پر رہا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

 خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اجلاس کے دوران عیدالاضحیٰ کے موقع پر انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے والی کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن کی منظوری دی گئی ہے۔ انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے عید کے دوران گلی محلوں اور علاقوں میں گردشی اور عارضی مکینیکل جھولوں پر پابندی ہوگی، انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں منشیات فروشوں، پتنگ ساز فیکٹریوں اور بجلی چوروں کے خلاف ایکشن جاری رہے گا۔

 اجلاس میں ہوم سیکرٹری نور الامین مینگل، سیکرٹری اطلاعات و نشریات احمد عزیز تارڑ، سپیشل سیکرٹری ہوم، ایڈیشنل آئی جی چوہدری سلطان، ایڈیشنل آئی جی وسیم سیال، ڈی جی شاہد اقبال اور کمشنرز و آر پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔