پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اورسازگار ماحول موجود ہے، برطانیہ کو ایسے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے؛ سید یوسف رضاگیلانی

15

اسلام آباد،11جون  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی  نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اورسازگار ماحول موجود ہے، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، برطانیہ کو ایسے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات  کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر سید یوسف رضاگیلانی کو مبارکباد پیش کی۔ معزز مہمان نے چیئرمین سینیٹ کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، پارلیمانی تعاون کے فروغ اور عوامی سطح پر رابطوں کے حوالے سے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 چیئرمین سینیٹ  نے کہا کہ پاک۔برطانیہ کے تعلقات ہمیشہ سے خوشگوار رہے ہیں۔ انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد اور مختلف فلاحی کاموں پر برطانیہ کی کاوشوں کو سراہا ۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان صحت، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر موجودہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کو متحرک کرتے ہوئے پارلیمانی تعاون اور عوامی سطح پر رابطوں کی اہمیت کو اجاگر کیاگیا۔

سید یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اورسازگار ماحول موجود ہے، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، برطانیہ کو ایسے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے،کاروباری و معاشی روابط عوام کو مزید قریب لانے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔  ملاقات میں اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔

 چیئرمین سینیٹ نے پی آئی اے کی برطانیہ کیلئے پروازیں بحال کرنے کا معاملہ بھی برطانوی ہائی کمشنر کے ساتھ اٹھایا۔ ملاقات میں مسئلہ فلسطین بالخصوص غزہ، رفح کی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔ انہوں  نے کہا کہ دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی معاہدہ وقت کی اہم ضرورت ہے ،  پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد برطانیہ میں آباد ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے برطانوی ہائی کمشنر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

 برطانوی ہائی کمشنرنے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی آئی اے کی برطانیہ کیلئے پروازوں کی بندش جلد ختم ہو جائے گی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی، سماجی و ثقافتی تنوع سے بہت متاثر ہوں، برطانیہ پاکستان کو اہم ملک تصور کرتا ہے اور تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے برطانیہ میں 4 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات بارے چئیرمین سینیٹ کو آگاہ کیا۔ چئیرمین سینیٹ نے برطانوی جمہوری نظام کو سراہا اور ترقی پذیر ممالک کیلئے مثالی قرار دیا۔