اسلام آباد،11جون (اے پی پی):پاکستان میں 31 مارچ 2024 تک رجسٹرڈ ٹی وی سیٹ ہولڈرز کی تعداد 2 کروڑ 51 لاکھ 84 ہزار 719 ہے، پاکستان ٹیلی ویژن کے دو پی ایس ڈی پی منصوبوں کے لئے مالی سال 2023-24 میں 204.650 ملین روپے مختص کئے گئے۔
منگل کو جاری کردہ پاکستان اکنامک سروے 2023-24 کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن پی ٹی وی واحد سرکاری شعبہ کا براڈ کاسٹنگ چینل ہے جو ملک کے طول و ارض بشمول پسماندہ علاقوں میں قومی و بین الاقوامی پروگرام نشر کر رہا ہے تاکہ عوام کو ملک کے حالات حاضرہ سے باخبر رکھا جا سکے۔ پی ٹی وی عوام کو تفریح، تعلیم، معلومات اور کھیلوں کے حوالے سے مختلف پروگراموں تک رسائی فراہم کرتا ہے تاکہ عوام سماجی و معاشی لحاظ سے صورتحال سے آگاہ ہو سکیں۔ اس وقت پی ٹی وی کے تحت پی ٹی وی ہوم، پی ٹی وی نیوز، پی ٹی وی سپورٹس، پی ٹی وی گلوبل، پی ٹی وی نیشنل، پی ٹی وی بولان اور پی ٹی وی ورلڈ کی نشریات جاری ہیں۔ پی ٹی وی انگلش نیوز چینل نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے بارے میں معلومات نشر کر رہا ہے۔
پاکستان ٹیلی ویژن انٹینا نیٹ ورک پر 100 فیصد آبادی کو کوریج فراہم کر رہا ہے۔ 31 مارچ 2024 تک رجسٹرڈ ٹی وی سیٹ ہولڈرز کی تعداد 2 کروڑ 51 لاکھ 84 ہزار 719 ہے۔ مالی سال 2024ءکے دوران پی ٹی وی کے دو پی ایس ڈی پی پروجیکٹس کے لئے 204.650 ملین روپے مختص کئے گئے۔ ان منصوبوں میں پی ٹی سی اکیڈمی میں نیشنل فلم پروڈکشن انسٹیٹیوٹ کا قیام اور چین کے تعاون سے ڈیجیٹل ٹیرسٹیریل ملٹی میڈیا براڈ کاسٹنگ کا پائلٹ پراجیکٹ شامل ہیں۔ پی ٹی وی کے تحت مری، چراٹ اور کالا شاہ کاکو میں ری براڈ کاسٹ سٹیشن پر بھی کام جاری ہے جو اپ گریڈیشن کے مراحل میں ہیں۔