پی ایس ڈی پی کے تحت آئندہ مالی سال 25۔2024 ء کے دوران ریلوے ڈویژن کے 25 جاری منصوبوں کیلئے 40386 ملین روپے ،12 نئے منصوبوں  کیلئے 4614 ملین روپے مختص

4

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی ) کے تحت آئندہ مالی سال 25۔2024 ء کے دوران ریلوے ڈویژن کے 25 جاری منصوبوں کیلئے 40386 ملین روپے جبکہ 12 نئے منصوبوں  کیلئے 4614 ملین روپے مختص کئے ہیں۔

بدھ کو جاری پی ایس ڈی پی کے مطابق   ریلوے ڈویژن کے جاری منصوبے چائنہ۔پاکستان اکنامک کوریڈور پراجیکٹ کیلئے 50 ملین روپے، ریلوے کا ملک کی مختلف جامعات کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کے منصوبہ کیلئے 25 ملین روپے، چمن یارڈ سے افغان بارڈر تک نئے ٹریک کی تعمیر اور اپ گریڈیشن کے منصوبہ کیلئے 975 ملین روپے، پاکستان ریلوے میں بزنس ڈویلپمنٹ ایچ آر سپورٹ یونٹ کے قیام کیلئے 30 ملین روپے، وزارت ریلوے کے تحت مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) کے منصوبہ کیلئے 300 ملین روپے، کراچی میں ٹرمینلز کی سکیورٹیز کی صورتحال کی بہتری کے منصوبہ کیلئے 250 ملین روپے، ریلوے سٹیشنز پر سولر سسٹم کی تنصیب کے منصوبہ کیلئے 50 ملین روپے، چائنہ۔ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت ایم ایل ون  کی اپ گریڈیشن کے منصوبہ کیلئے 20 ملین روپے،  820 ہائی کیپسٹی بوگیوں اور 230 مسافر کوچز کی خریداری کے منصوبہ کیلئے 11157 ملین روپے، پشاور ڈویژن میں ٹریک کی اپ گریڈیشن کیلئے 10 ملین روپے، سمہ سٹہ ٹریک کی بحالی کیلئے 115 ملین روپے، راولپنڈی ڈویژن میں ملٹی پرپز ٹریننگ ہالز کی تزئین و آرائش کیلئے 101 ملین روپے، انجنوں کی مرمت اور بہتری کے منصوبہ کیلئے 600 ملین روپے، مانیٹرنگ کے نظام کے منصوبہ کیلئے 50 ملین روپے،  امیجیٹ ٹریکس سیفٹی ورکس کے منصوبہ کیلئے 2660 ملین روپے، تھرکول  سے پورٹ قاسم تک کے موجودہ ریلوے ٹریک کے رابطہ کیلئے 16000 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ جاری اعداد و شمار کے مطابق ریلوے ڈویژن کے نئے منصوبوں نارووال ریلوے سٹیشن سے سیالکوٹ پھاٹک تک لنک روڈ کی تعمیر کے منصوبہ کیلئے 110 ملین روپے،  حویلیاں ڈرائی پورٹ کے قریب  پاکستان ریلوے کی موجودہ لائن کی اپ گریڈیشن کیلئے 200 ملین روپے، شاہدرہ میں ریلوے پل کی تعمیر کے منصوبہ کیلئے 294 ملین روپے، ریلوے ٹریک کے پلوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبہ کیلئے 200 ملین روپے، ملتان میں شیرشاہ ۔کندیاں ٹریک سیفٹی ورکس کیلئے 200 ملین روپے،  سکھر ڈویژن کے ٹریک سیفٹی  ورکس روہڑی سے سبی تک کیلئے 200 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔  آئندہ مالی سال کے بجٹ 25۔2024 کے تحت ریلوے ڈویژن کے جاری اور نئے منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 45000 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔