اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):مالی سال 2024-25 کے سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں محصولات ڈویژن کے جاری اورنئے منصوبوں کیلئے مجموعی طورپر 17696 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی جس میں 13363.830ملین روپے کی غیرملکی معاونت شامل ہے۔
محصولات ڈویژن کے جاری منصوبوں کیلئے 16770.215ملین روپے اورنئے منصوبوں کیلئے 925.785 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق پہلے سے جاری منصوبوں میں سے آرٹی اوساہیوال میں اضافی آفس کی تعمیر کے منصوبہ کیلئے 222.483ملین روپے،کسٹم کمپلیکس سوست میں مختلف سہولیات فراہم کرنے کے منصوبہ کیلئے 182.696ملین روپے، گوادرمیں ماڈل کسٹم کلیکٹوریٹ کی تعمیر کیلئے 680.833 ملین روپے، کراچی میں انٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن آفس کی تعمیر کے منصوبہ کیلئے 72.883 ملین روپے، ریجنل ٹیکس آفس سرگودھا کی تعمیر کے منصوبہ کیلئے 490.981ملین روپے، ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے آئی ٹی ٹی ایم ایس منصوبہ کیلئے 7500.000 ملین روپے، پاکستان ریززریونیوپروگرام کیلئے 7363.830ملین روپے اورطورخم کسٹم سٹیشن میں ٹرانزٹ اکاموڈیشن کمپلیکس منصوبہ کیلئے 256.509 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق محصولات ڈویژن کے نئے منصوبوں میں سے بلیلی کوئٹہ میں ماڈل کسٹم ہاوس کلکٹوریٹ کی تعمیر کے منصوبہ کیلئے 239.646ملین روپے اورریجنل ٹیکس آفس سیالکوٹ کیلئے اراضی کی خریداری کے منصوبہ کیلئے 686.139ملین روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔