بجٹ 2024-25 میں پی ایس ڈی پی کا حجم 1500 ارب روپے رکھا گیا ہے؛وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب

30

 

اسلام آباد،12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے   قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2024-25ء کی بجٹ تقریر میں   مالی سال 2024- 25 کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا فیڈرل پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام وضع کیا ۔انہوں نے کہا کہ  اس سال  پی ایس ڈی پی کا حجم 1500 ارب روپے ہے ، موجودہ پی ایس ڈی پی پچھلے سال کے نظر ثانی  شدہ حجم سے 101 فیصد زیادہ ہے، پی ایس ڈی پی کے 1500 ارب روپے میں پی پی پی پراجیکٹس کے لیے ایک سو  ارب روپے شامل ہیں ۔

وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ  پی ایس ڈی پی 2024-25 میں جاری منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی گئی،81 فیصد وسائل جاری منصوبوں کے لیے جبکہ صرف 19 فیصد وسائل نئے منصوبوں کے لیے مختص کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ  بنیادی انفراسٹرکچر کے لیے پی ایس ڈی پی 2024-25 میں 59 فیصد رقم مختص کرنے کی تجویز ہے  جبکہ  سماجی شعبے کے لیے ترقیاتی بجٹ کا 20 فیصد رکھنے کی تجویز  ہے ۔انہوں نے کہا کہ  آزاد جموں کشمیر ،گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ کے ضم شدہ اضلاع کے لیے 10 فیصد وسائل مختص کئے گئے ہیں  جبکہ  11.2 فیصد وسائل  آئی ٹی ، ٹیلی کام، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، گورننس اور پروڈکشن سیکٹر کے لیے مختص کئے گئے ہیں ۔