اسلام آباد، 20 جون ( اے پی پی):ترجمان قانونی امور ورکن قومی اسمبلی بیرسٹر عقیل نے کہا ہے کہ بجٹ 2024-25 میں لگژری آئٹمز پر ٹیکس لگایا گیا ہے، جبکہ تنخواہ دار طبقہ کے لیے اچھے اقدامات کیے گئے ہیں ۔
بدھ کواے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنخواہوں میں 22 اور 25 فیصد کا اضافہ خوش آئند بات ہے، غریب طبقہ اور سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھنا ضروری تھا سب سے زیادہ تنخواہ دار طبقہ مشکلات کا شکار ہوتاہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کے پیش نظر پنشن بھی بڑھائی گئی ہے،کم سے کم تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جس کی اشد ضرورت تھی۔۔
رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عقیل نے کہا کہ ہم زراعت پر مبنی معیشت ہیں اس لیےہم نے زراعت کا تحفظ کرنا ہے ، کسانوں کے لیے پیکج کا اعلان کیا گیا ہے، یہ عوام دوست بجٹ ہے پاکستان کی عوام اس سے مستفید ہوگی۔