اسلام آباد،12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے حکومت کیجانب سے بچوں کی تعلیم کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کی خاطر سرمایہ کاری کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان طلبہ و طلبات کی جسمانی و ذہنی نشونما کے لیے سکول مییل پروگرام school meal program کا آغاز کیا جا رہا ہے ، پروگرام کے تحت اسلام آباد کے 200 پرائمری سکولوں میں طلبہ کو متوازن اور غذائی سے بھرپور کھانا فراہم کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2024-25ء کی بجٹ تقریر میں وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ بجٹ میں اسلام آباد کے 167 سرکاری سکولوں میں انفراسٹرکچر اور تعلیمی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے رقم مختص کرنے کی تجویز ہے ۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور غریب طلبہ کو تعلیم کی فراہمی کے لیے پرائیویٹ سکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے ایجوکیشن واؤچرز متعارف کرائے جائیں گے جبکہ 100 سکولوں میں ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کے مراکز قائم کیے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر دانش سکولوں کے پروگرام کو اسلام آباد، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان تک پھیلایا جا رہا ہے۔