اسلام آباد، 12 جون (اے پی پی): وفاقی بجٹ میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لئے ہیلتھ انشورنس کی فراہمی کے اعلان پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے صحافی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ہیلتھ انشورنس کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافی ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں، جمہوریت کی مضبوطی میں ان کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا، صحافیوں کو ہیلتھ انشورنس کی فراہمی تاریخی قدم ہے جو ہمارے ملک کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی صحت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں پانچ ہزار صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی، جبکہ سکیم کے تحت دوسرے مرحلے میں مزید 10 ہزار صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے دوسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا چارج سنبھالنے کے بعد صحافیوں کیلئے ہیلتھ انشورنس سکیم کا دوبارہ آغاز کیا۔