وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سےآذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ملاقات

20

 

راولپنڈی،12جون  (اے پی پی):وزیر دفاع،دفاعی پیدوار و ہوا بازی خواجہ محمد آصف سےآذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے بدھ کو یہاں  ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کو اس کے سٹریٹیجک محل وقوع، بے پناہ وسائل، ترقی پسند نقطہ نظر اور تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت کی وجہ سے ایک اہم ملک کے طور پر دیکھتا ہے۔انہوں  نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا جو تاریخی، ثقافتی اور مذہبی مشترکات پر مبنی ہیں۔

وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے دفاع، دفاعی صنعت اور ہوابازی سمیت متعلقہ شعبوں میں تعلقات کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے دونوں ممالک کی اعلیٰ فوجی اور دفاعی سطح کی قیادت کے درمیان مسلسل رابطے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔