ملتان چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری نے حالیہ وفاقی بجٹ کو ایک متوازن اورعوام دوست بجٹ قراردیا

16

 

ملتان ،12 جون (اے پی پی ): ملتان چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے عہدیداران نے حالیہ وفاقی بجٹ کو مجموعی طورپرمشکل حالات میں ایک متوازن اورعوام دوست بجٹ قراردیدیا۔

بدھ کے روز وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی بجٹ تقریر کے بعدصدر ملتان چیمبر آف کامرس میاں راشد اقبال نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ فنانس بل سامنے آنے پربجٹ کی مجموعی تفصیلات جانچی جاسکیں گی تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کیاجانے والامالی سال 2024-25ءکابجٹ مجموعی طورپرایک متوازن اورعوام دوست بجٹ ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیرخزانہ نے اپنی بجٹ تقریر میں کراچی میں آئی ٹی پارک بنانے کے حوالے سے بات کی،دیگربڑے شہروں کی طرح ملتان میں بھی آئی ٹی پارک بنایاجائے ۔

نان فائلرز پرٹیکس میں اضافے کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت کوسب سے پہلے نان فائلرزکو ٹیکس نیٹ میں لاناہوگا۔میاں راشد اقبال نے مزیدکہاکہ بجٹ تقریر میں وزیرخزانہ نے اچھی باتیں کی ہیں لیکن انہوں نے نئے مالی سال کے بجٹ میں حکومت کی جانب سے کئے گئے سخت فیصلوں سے متعلق روشنی نہیں ڈالی ،فنانس بل آنے پراصل صورتحال واضح ہوگی۔انہو ں نے کہاکہ حکومت کاسائز چھوٹاکرنے اوربعض غیر ضروری سرکاری محکموں کوختم کرنے کاحکومتی فیصلہ خوش آئندہے تاہم حکومت زیادہ خسارے پرچلنے والے اداروں کی پرائیویٹائزیشن پرتوجہ دے خاص کر بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کوپرائیویٹائز کیاجائے ۔

انہوں نے کہاکہ سیلز ٹیکس میں اضافے سے عام آدمی پربوجھ بڑھے گاحکومت عام آدمی کوریلیف دینے کے لئے مزید اقدامات کرے۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں وپینشن میں اضافے اورمزدور کی کم سے کم اجرت 37ہزار کرنے کے اعلان کو خوش آئند قراردیتے ہوئے انہو ں نے کہاکہ کم سے کم اجرت کے اعلان پرعملدرآمد یقینی بنانے کے لئے پرائیویٹ سیکٹر پرکڑی نظررکھنے کی ضرورت ہے اوراس کے لئے حکومت کونجی شعبوں کے اداروں کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے۔

انہوں نے صحافیوں کے لئے بجٹ میں ہیلتھ انشورنس کے اعلان ،آئی ٹی شعبہ کی بہتری کے لئے مزید اقدامات کرنے اورڈیجیٹل ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کوخوش آئند قراردیا۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے سخت اورمشکل حالات کے باوجود بہتربجٹ پیش کیاہے ۔

نئے مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سینئر نائب صدر ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ندیم احمد شیخ نے کہاکہ حکومت کی جانب سے سخت حالات میں ایک متوازن بجٹ پیش کیاگیاہے تاہم فنانس بل آنے کے بعد پتہ چلے گاکہ بجٹ مہنگائی پرکتنااثراندازہوتاہے ۔انہوں نے کہاکہ سولر پرنئے بجٹ میں رعایت دی گئی ہے ،نئے مالی سا ل کے بجٹ میں نوجوانوں ،صنعتوں اورکسانوں کے لئے پیکج وسکیموں کااعلان بھی کیاگیاہے ،بنیادی صحت اورتعلیم کے شعبوں کابجٹ حجم بڑھانے کاذکر بھی ذکرکیاگیاہے جوکہ خوش آئندہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت ملکی برآمدات کے فروغ کے لئے مزید اقدامات اٹھائے ،مہنگائی اورغربت کوکم کرنے کے لئے مزیدکوششیں کی جائیں ۔انہوں نے کہاکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کمزور طبقے کی زیادہ سے زیادہ معاونت کے لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 27فیصد اضافہ کیاگیاہے،بی آئی ایس پی کادائرہ کار وسیع کرنے کے حکومتی اقدام سے جہاں مستحقین کے ماہانہ وظیفے میں بھی اضافہ ہوگاوہیں اس سے مزید غریب طبقہ بھی پروگرام سے فائدہ اٹھاسکے گا۔