متاثرہ انشورنس پالیسی ہولڈرز کو فوری اور مفت انصاف فراہم کرنے کی ضرورت ہے؛ صدر ِمملکت آصف علی زرداری

29

اسلام آباد،13جون (اے پی پی):صدر ِمملکت آصف علی زرداری نے انشورنس کمپنیوں کی بدانتظامی کے خلاف متاثرہ انشورنس پالیسی ہولڈرز کو فوری اور مفت انصاف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انشورنس محتسب اپنی رسائی بڑھائے اور شکایات کا فوری حل یقینی بنائے۔

صدر ِمملکت نے ان خیالات کا اظہار وفاقی انشورنس محتسب ممتاز علی شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ انشورنس کیسز میں زیادہ سے زیادہ شہریوں کو مالیاتی ریلیف فراہم کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انشورنس کلیمز کے تصفیے میں متاثرہ پالیسی ہولڈرز کو انصاف کی فراہمی میں انشورنس محتسب کے کردار بارے آگاہی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشورنس محتسب شکایات کے ازالے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور آئی سی ٹی ٹولز کا استعمال کرے۔

قبل ازیں صدر مملکت نے ایوان صدر میں منعقدہ تقریب ِحلف برداری میں ممتاز علی شاہ سے وفاقی انشورنس محتسب کے عہدے کا حلف لیا۔