وفاقی بجٹ 2024-25میں ریٹیلرز کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانا ضروری ہے؛ سینیٹر محمد اورنگزیب

22

اسلام آباد،13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ  نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں ریٹیلرز کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانا ضروری ہے تاکہ دیگر طبقات پر ٹیکسوں کا بوجھ کم ہو، اپریل میں رضاکارانہ رجسٹریشن کے تحت صرف 75 تاجروں نے رجسٹریشن کرائی تھی۔

جمعرات کو وزیر مملکت علی پرویز ملک، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ کے ہمراہ پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ مئی میں ایف بی آر نے چھ شہروں میں اقدامات شروع  کئے جس کے نتیجے میں اب تک 31 ہزار ریٹیلرز کی رجسٹریشن ہو چکی ہے، یہ عمل جاری رہے گا اور یکم جولائی سے ریٹیلرز پر ٹیکس کا اطلاق ہو جائے گا۔

 وزیر خزانہ نے کہا کہ اس وقت 9 ٹریلین روپے کی کرنسی کی زیر  گردش ہے، ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے معاملات درست ہو سکتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ کیش ٹرانزیکشن کو کم سے کم اور ختم کیا جائے، پوائنٹ آف سیل رجسٹریشن کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔