نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں تنخواہوں کے سلیب میں 50 ہزار ماہانہ تنخواہ پر ٹیکس استثنا برقرار ہے؛ سینیٹر محمد اورنگزیب

14

اسلام آباد،13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ  نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں تنخواہوں کے سلیب میں 50 ہزار ماہانہ تنخواہ پر ٹیکس استثنا برقرار ہے، اسی طرح ٹاپ سلیب پر بھی ٹیکس کی شرح میں تبدیلی نہیں کی گئی ہے، اعدادوشمار اگرچہ مجموعی طور پر بڑھائے گئے ہیں تاہم انفرادی طور پر بوجھ زیادہ نہیں ہے۔

جمعرات کو وزیر مملکت علی پرویز ملک، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ کے ہمراہ پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں بجٹ میں کم آمدنی والے طبقات کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے، زیادہ آمدنی والوں پر زیادہ اور کم آمدنی والے طبقات پر کم ٹیکس لگایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نان فائلرز کے لیے کاروباری ٹرانزیکشن پر ٹیکس کی شرح میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے اور بعض مقامات پر اس شرح کو 45 فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے، ہمیں نان فائلرز کی اختراع کو اس ملک سے ختم کرنا ہوگا، بجٹ میں کم آمدنی والے طبقات کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔