وزیر اعلیٰ پنجاب کی دن رات ایک ہی کوشش ہے کہ پنجاب کے لوگوں کی زندگی میں بہتری لائی جائے ،ممبر پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار اے پی پی سے خصوصی گفتگو

24

لاہور 13 جون ( اے پی پی ) مسلم لیگ ن کی راہنما اور ممبر پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر قیادت پنجاب کی تاریخ کا بہترین بجٹ پیش کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بجٹ سیشن کے بعد اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے کے بعد پہلی تقریر میں جو وعدے کیے تھے بجٹ سے پہلے وہ وعدے  نوے فیصد تک پورے کر کے دکھائے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی دن رات ایک ہی کوشش ہے کہ پنجاب کے لوگوں کی زندگی میں بہتری کیسے لانی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسان پیکج میں چار سو ارب روپیہ رکھا گیا ہے جس کے ثمرات سے کسانوں کی زندگیوں میں واضح اثرات نظر آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ خواتین ،مزدوروں اور یوتھ سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی کے لیے بجٹ میں رقوم مختص کی گئی ہیں جس سے ہر شعبہ ہائے زندگی میں بہتری نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ بجٹ صحت اور تعلیم کے لیے مختص کیا گیا ہے وزیر اعلیٰ نے کابینہ کو کہا ہے کہ ہر وزیر کو صحت اور تعلیم کے حوالے سے بجٹ ملے گا تاکہ ہر علاقے میں رورل ہیلتھ کلینک سے لیکر ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تمام سہولیات میسر ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے بھی بجٹ میں  خصوصی طور پر پیسے رکھے گئے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔